فون کارگو میں آتشزدگی، غیرملکی ایئرلائن نے ویوو پر پابندی لگادی

ٹیک جائنٹ ویوو کے موبائل فونز کارگو میں آتشزدگی کے باعث ہانگ کانگ ایئر کارگو نے ویوو پر پابندی لگادی ہے۔

ہانگ کانگ ایئرپورٹ پر ویوو کے سامان میں آتشزدگی کی تصاویر دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ آگ نے سارے سامان کو لپیٹ میں لے لیا تھا جو جل کر خاکستر ہوگیا۔

دی اسٹینڈرڈ کی رپورٹ کے مطابق جس کارگو میں آگ لگی وہ ویوو وائے 20 اسمارٹ فونز لے کر جارہا تھا اور وہ ہانگ کانگ ایئر ایئرلائنز کی ماتحت ہانگ کانگ ایئرکارگو کے ذریعے بنکاک لے جایا جانا تھا۔

تاہم 3 کارگو باکسز میں بند موبائل فونز کو لوڈ کیے جانے سے قبل ہی ان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے کچھ دیر بعد ہی سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز گردش کرنا شروع ہوگئی تھیں۔

ایئرپورٹ پر موجود عملے کی جانب سے آگ بجھانے میں 40منٹ سے زائد کا وقت لگا جبکہ ایئرپورٹ پر دیگر کام معمول کے مطابق چلتے رہے۔

یوں تو ویوو کے موبائل گوانگ ڈونگ میں تیار کیے جاتے ہیں لیکن برانڈ نے حال ہی میں غیرملکی مارکیٹوں کا رخ کیا ہے اور اب وہاں بھی فونز تیار کیے جارہے ہیں۔

ماضی میں ویوو فون میں آتشزدگی کا کم از کم ایک واقعہ ہی رپورٹ ہوا ہوگا لیکن حالیہ واقعے سے کمپنی کافی متاثر ہوئی ہے۔

ہانگ کانگ کارگو کی جانب سے تاحکم ثانی ویوو کا سامان لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے تاہم ویوو کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ اسمارٹ فونز میں موجود بیٹری سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے اور جہاز پر موبائل کارگو کی آف لوڈنگ کے وقت ممکنہ آتش گیر مواد کی موجودگی سے بچاؤ انتہائی ضروری ہوتا ہے کیونکہ بیٹری جلدی آگ پکڑ لیتی ہے۔