دنیا کے امیر ترین شخص کے پاس کتنی دولت ہے؟

نیویارک: امریکی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے ایما زون کے مالک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ الیکٹریکل گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے اثاثوں کی مالیت ایک کھرب 85 ارب ڈالرز کے قریب پہنچ گئی، جس کے بعد انہوں نے ایما زون کے مالک جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ٹیسلا کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست فائدہ ایلون مسک کو ہوا جس کے بعد وہ دنیا کے سب سے امیر ترین شخص بن گئے۔

ٹیسلا کمپنی کے لیے سال 2020 بہت اہم تھا کیونکہ کرونا کے باوجود کمپنی نے گاڑیوں کی پیداوار کو بڑھایا، نئی فیکٹریاں لگائیں اور نفع کمایا جس کی وجہ سے اُسے معتبر ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں شامل کیا گیا۔فائیو ہنڈریڈ انڈیکس میں شامل ہونے کے بعد ٹیسلا کے شیئر میں 6.3 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 803 ڈالر 78 سینٹ پر پہنچ گئی۔ اسٹاک مارکیٹ میں حصص کی قیمت بڑھنے کے بعد کمپنی کی سرمایہ کاری 750 ارب ڈالرز سے اوپر چلی گئی۔