پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اسلحہ کنٹرول سے متعلق باہمی مشاورت کا پانچواں مرحلہ منعقد

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے بتایا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین اسلحہ کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ سے متعلق باہمی مشاورت کا پانچواں مرحلہ منعقد ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق محمد کامران اختر ، ڈائریکٹر جنرل (اسلحہ کنٹرول اور اسلحہ) وزارت خارجہ اور سامانتھا جاب (ڈائریکٹر دفاع و بین الاقوامی تحفظ) غیر ملکی، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور برطانیہ نے اپنے اپنے ملکوں کے وفد کی قیادت کی۔

دونوں فریقوں نے اسلحہ کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ سے متعلق معاملات پر خوشگوار اور تعمیری ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔ عالمی اور علاقائی سلامتی اور استحکام سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

دونوں فریقوں نے کثیرالجہتی شعبوں میں مزید ہم آہنگی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین اسلحہ کنٹرول ، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ سے متعلق مشاورت کے تسلسل کو سراہا۔ فریقین نے اگلے سال مشاورت کا چھٹا دور منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔