بھارت دو محاذوں پر لڑنے کی دھمکی کے بجائے اپنی دفاعی کمزوری پرتوجہ دے، پاکستان

پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کی جانب سے چین اور پاکستان کے ساتھ بیک وقت لڑنے کے لیے تیار ہونے کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اپنی ‘دفاعی کمزوریوں’ کو ذہن میں رکھنا چاہیے۔

بھارت کے چیف آف ایئراسٹاف ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھادوریا نے رواں ہفتے کے شروع میں ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارت دو محاذوں پر جنگ کے لیے تیار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم تیار ہیں اور چین کا سامنے کرنے کے لیے بہترین پوزیشن پر ہیں اور ان کے پاس ہم پر برتری حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں ہے’۔

بھارت کو شمالی اور مغربی سرحد پر درپیش خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بھارت دو محاذون پر چین اور پاکستان سے نبرد آزما ہونے کے لیے مکمل طور پر تیار تھا۔

بھارتی ایئرچیف نے کہا تھا کہ ‘ہم باخبر ہیں کہ وہ دونوں قریبی تعاون کر رہے ہیں اور سنجیدہ خطرہ موجود ہے لیکن اب تک کوئی ایسا اشارہ نہیں ہے کہ وہ دونوں محاذ پر جنگ کے لیے تیاری کررہے ہوں’۔

پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اس بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات آر ایس ایس-بی جے پی کے انتہا پسند نظریے اور بالادستی کی سوچ سے مغلوب ذہنیت کا عکس ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ حیرت انگیز بات ہے کہ بھارت کے سینیئر سیاسی اور عسکری رہنما خطے سمیت خود بھارت کے امن کو داو پر لگاتےہوئے پاکستان کے خلاف مسلسل اشتعال انگیز بیانات جاری کرہے ہیں’۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘بھارتی چیف کو اس طرح کی شیخی بگھارتے وقت اپنی دفاعی کمزوریوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو دنیا کے سامنے بری طرح عیاں ہوچکی ہے’۔

بھارتی دفاعی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے رواں برس چین کے ساتھ شمالی سرحد پر کئی مہینوں تک جاری رہنے والی جھڑپوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ بھارت کا دفاع ‘پہلے بالاکوٹ کے ناکام اقدام اور حال ہی میں لداخ میں بے نقاب ہوا’۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت اپنے کسی بھی مذموم حرکت کے خلاف پاکستانی قوم کے جذبے اور مسلح افواج کی تیاریوں کو نظر انداز نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘جنوبی ایشیا کے امن اور خوش حالی کی خاطر بھارت تیسری صدی کے چانکیہ بیانیے کو چھوڑ دے اور اکیسویں صدی کے خطے کے امن اور ترقی کے ماڈل کو اپنائے’۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیان دیتےہوئے چین سے جاری کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش پر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی تھی۔