رش والے مقامات پر کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ مسترد نہیں کیا جا سکتا: عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ موسم سرما میں کورونا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ہوگا،رش والے مقامات کے باعث کورونا کیسوں میں اضافے کے خدشے کو مسترد نہیں کیاجا سکتا۔

وزیراعلی پنجاب کی طرف سے کرونا کیسز بارے جاری اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے124 نئے کیس سامنے آئے۔ صوبے میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد1521 ہے۔ پنجاب میں 100272 مریضوں میں سے 96506 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 24 گھنٹے میں کورونا کے دو مریض جاں بحق ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران10712 ٹیسٹ کئے گئے۔ پنجاب میں اب تک1329042 کورونا ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔ اب تک صوبہ میں کورونا کے باعث 2247 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کے بروقت فیصلوں سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں بے پناہ مدد ملی- انسداد کورونا کے لئے کئے گئے اقدامات کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے- عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور پر ہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں-