لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف صاف پانی کمپنی ریفرنس میں 16 ملزمان بری کردیے۔
احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ قمرالاسلام سمیت 16 ملزم بری کردیے، نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ملزموں کی بریت کی درخواستیں منظور کی گئی ہیں۔
اسی کیس میں عدالت مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کو اشتہاری قرار دے کر ان کی جائیداد قرقی کرنےکے احکامات جاری کر چکی ہے۔
ضرور پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانت میں توسیع
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے راجہ قمرالاسلام اور وسیم اجمل سمیت 16 ملزمان کی صاف پانی ریفرنس میں بریت پر ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ سیاسی انتقام کی دھند بتدریج چھٹ رہی ہے اور سچائی کی روشنی بڑھتی جا رہی ہے، بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے ساتھیوں پر فخر ہے۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ الحمدللہ! شہباز شریف کی عوامی خدمت اور ایمانداری قانون اور عوام کی عدالت میں ایک بار پھر ثابت ہوئی، ثابت ہوا کہ سب سے کم بولی دینے والی کمپنی سے بھی 20 کروڑ روپےکم کرائےگئے اور یوں کرپشن ہونےکا تمام عمرانی افسانہ سراسر جھوٹ اور سیاسی انتقام ثابت ہوا۔