مریم نواز ٹوئٹر دھاندلی میں بھی آگے نکلیں، 80 فیصد فالوورز جعلی ہیں، فیاض الحسن چوہان

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ کیلبری فونٹ اور جعلی قطری خط کی موجد مریم نواز ٹوئٹر دھاندلی میں بھی سب سے آگے نکل گئیں اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر ان کے 80 فیصد فالوورز جعلی ہیں۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نواز کے 55 لاکھ فالوورز میں سے 80 فیصد نے کبھی ان کی کسی ٹوئٹ کو پسند نہیں کیا جبکہ 1898 فالوورز نے ایک ہی دن میں ٹوئٹر اکاؤنٹس بنائے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے تقریباً 10 لاکھ فالوورز کا اپنا کوئی فالوور نہیں ہے جبکہ تقریباً 14 لاکھ فالوورز کے اپنے دو سے پانچ فالوورز ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دھاندلی اور شریف خاندان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہو چکے ہیں، کیلبری فونٹ اور جعلی قطری خط کی موجد مریم نواز ٹوئٹر دھاندلی میں بھی سب سے آگے نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی چالاکیوں سے پاکستانی عوام واقف ہیں، انہوں نے ایک بار پھر لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کی۔

واضح رہے کہ وزیر اطلاعات پنجاب نے اپنے دعوے کے حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

مریم نواز نے ٹوئٹر پر جنوری 2012 میں اکاؤنٹ قائم کیا تھا اور ان کے اکاؤنٹ سے اب تک 62 ہزار سے زائد ٹوئٹس کیے جاچکے ہیں، جبکہ فالوورز کی تعداد 56 لاکھ سے زائد ہے۔