کارسرکار میں مداخلت پر گرفتاری: بیٹوں سمیت نہال ہاشمی کی عبوری ضمانت منظور

کراچی: عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی اور ان کے دونوں بیٹوں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت سے متعلق مقدمے میں 20-20 ہزار روپے مچلکے کے عوض عبوری ضمانت منظور کرلی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں نہال ہاشمی، ان کے بیٹے نصیر ہاشمی اور ابراہیم ہاشمی کو پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نہال ہاشمی اور ان کے دوبیٹوں کے خلاف پولیس کے امور میں مداخلت اور اہلکاروں کو زدوکوب کرنے کا مقدمہ سعود آباد تھانے میں درج ہوا تھا۔‎

پولیس کی جانب سے نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کو عدالت کرنے کے وقت لائرز فورم کے وکلا نے اہلکاروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

علاوہ ازیں وکلا نے پولیس کو کمرہ عدالت میں داخل ہونے سے بھی روکنے کی کوشش کی۔

اس دوران پولیس اور وکلا کے مابین ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی۔

بعدازاں وکلا نے پولیس اہلکاروں کو کمرہ عدالت سے دھکے دے کر باہر نکال دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ کوئی پولیس والا کمرہ عدالت میں نہیں آئے گا۔