ملک میں کورونا کے فعال کیسز میں اضافہ؛ ایک روز میں 15 افراد جاں بحق

اسلام آباد:ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز  کی تعداد 8 ہزار 877 ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 625 لوگوں میں کوورنا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے625 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3  لاکھ 13 ہزار 431 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 877 ہو گئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 2 لاکھ 98 ہزار 055 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 15اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 499 ہوگئی۔

سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 467 ، پنجاب میں99 ہزار 605 خیبرپختونخوا 37 ہزار 845 ، اسلام آباد میں 16 ہزار 650، بلوچستان میں 15 ہزار 302 ، آزاد کشمیر 2 ہزار 754 اورگلگت بلتستان میں 3 ہزار 808 تعداد ہوگئی۔

کوورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔