دادو میں شادی کے تنازع پر دو لڑکیوں پر گھر میں فائرنگ، ایک ہلاک

صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے گاؤں سوبدار واہ میں دو نامعلوم افراد نے کم عمر لڑکیوں پر ان کے گھر میں فائرنگ کردی جس میں سے ایک موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ دوسری شدید زخمی ہے۔

کے این شاہ تعلقہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شاہ پیر بخش چانڈیو نے کہا کہ فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس مقتولہ لڑکی کے گھر پہنچی البتہ ملزمان فرار ہو گئے اور واقعہ شادی کے تنازع کی وجہ سے پیش آیا۔

مزید پڑھیں: دادو میں 10 سالہ لڑکی کو ‘سنگسار’ کرنے کا الزام، والدین سمیت 4 گرفتار

دونوں متاثرہ لڑکیاں آپس میں کزن ہیں اور انہیں کے این شاہ تعلقہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تحریر جاری ہے‎

ان کا کہنا تھا کہ قتل ہونے والی لڑکی کا پوسٹ مارٹم جاری ہے جبکہ زخمی ہونے والی لڑکی کا علاج جاری ہے۔

دوسری جانب ایس ایچ او غلام حیدر نے کہا کہ پولیس کو شک ہے کہ لڑکیوں پر ان کے چچا اور کزن نے فائرنگ کی ہے اور اس کی وجہ شادی کا تنازع معلوم ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جیکب آباد: 10 سالہ بچی کا قتل، ملزمان کو عمر قید کی سزا

داد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس فرخ رضا ملک نے کہا کہ وہ واقعے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے اور پولیس تمام پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔

ابھی تک واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔