مارننگ شو میں ورزش کرتی خاتون سے متعلق ٹوئٹ کرنا صحافی انصار عباسی کو مہنگا پڑ گیا

پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے مختلف انٹرٹینمنٹ اور نیوز چینلز پر مارننگ شوز نشر کیے جاتے ہیں جو مختلف سیگمنٹس پر مشتمل ہوتے ہیں۔

ان شوز میں کبھی شادی بیاہ کی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں، کبھی مختلف مقابلے منعقد کروائے جاتے ہیں تو کبھی مختلف شخصیات کو بطور مہمان مدعو کیا جاتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی یہ مارننگ شوز کوئز، ورزش اور کوکنگ جیسے مختلف سیگمنٹس پر بھی مشتمل ہوتے ہیں۔

کچھ ایسا ہی گزشتہ روز ہوا جب پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نیوز پر مارننگ شو میں ایک ورزش کا سیگمنٹ جاری تھا تو معروف صحافی انصار عباسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے مارننگ شو کی ویڈیو شیئر کی تھی

شیئر کی گئی ویڈیو میں ایک خاتون ورزش کررہی تھی اور انہیں ایک مرد کی جانب سے ہدایات بھی دی جارہی تھیں۔

انصار عباسی نے ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران، وزیراطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ کو مینشن کیا اور لکھا کہ یہ پی ٹی وی ہے۔