قصور: شہریوں نے ڈکیتی کیلئے آنیوالے ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا، دوسرا گرفتار

قصور میں شہریوں نے ڈکیتی کے لیے آنے والے ایک ڈاکو کو ہلاک اور دوسرے کو پولیس کے حوالے کردیا۔

قصور میں نواحی گاؤں کوٹلی رائے ابوبکر کے قریب علاقہ مکینوں اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکوہلاک ہوگیا جب کہ شہریوں نے ہلاک ڈاکوکے 2 ساتھیوں کوپکڑ کرپولیس کے حوالےکردیا۔ پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان گاؤں میں ڈکیتی واردات کے بعد فرار ہورہے تھے جس دوران علاقہ مکینوں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

دوسری جانب شیخوپورہ پولیس کا کہنا ہےکہ زرعی فارم کےقریب ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکو ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہورہے تھے کہ آفیسرز کالونی کےقریب پولیس نے روکا تو ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو آصف ہلاک ہوگیا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو نے چند روز قبل شرقپور روڈ پر فارمیسی میں ڈکیتی کےدوران ایک نوجوان کوقتل کیاتھا۔