لاہور: مالکان کے مبینہ تشدد سے جاں بحق گھریلو ملازمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

لاہور: ہنجروال میں قتل کی جانے والی گھریلو ملازمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔ کمسن گھریلو ملازمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں لڑکی کی موت کی وجہ گلا دبانا سامنے آئی ہے۔

13 سالہ ملازمہ کرن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ لڑکی کی گردن پر نشانات پائے گئے ہیں جب کہ گلا دبانے سے اس کی زبان باہر نکلی ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ملازمہ سے زیادتی کے شواہد بھی ملے ہیں لیکن حتمی فیصلہ فرانزک رپورٹ میں ہو گا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ زیادتی کی تحقیقات کے لیے نمونے ڈی این اے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے مقدمے میں نامزد 2 ملزمان کو گرفتار کر رکھا ہے جب کہ ایک نامزد خاتون کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔