عثمان بزدار سے پارلیمانی قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور کے پارٹی عہدیداروں اورپارلیمانی قیادت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے سامنے پارٹی عہدیداروں اور کارکنان نے ترقیاتی فنڈز، صفائی کی صورتحال سمیت دیگر مسائل پر جذباتی تقاریرکیں جب کہ 14 سے زائد کارکنان کی تقاریرکو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحمل سے سنا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ کارکنان نے شکوہ کیا کہ لاہور کے بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال ناقص ہے، شاہدرہ کے علاقے میں سیوریج سسٹم بھی ناقص ہے۔ ایک کارکن نے وزیراعلیٰ سے شکوہ کیا کہ آپ تین سال بعد کارکنوں سے مل رہے ہیں جس پروزیراعلیٰ نے جواب دیا کہ اپنے اسٹاف سے کہوں گا کارکنوں سے ملاقات کے لیے سسٹم بنایا جائے۔
دوسری جانب لاہور کی خواتین ارکان اسمبلی نے بھی ترقیاتی فنڈزکامطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ٹکٹ ہولڈرز نے بھی کم فنڈزملنے کی شکایت کی جس پرعثمان بزدار نے کہا کہ ارکان اسمبلی اورٹکٹ ہولڈرزکوفنڈزدیے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے لاہورکے ارکان اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز دگنا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔