پاکستا ن کو افغانستان سے دہشت گرد حملہ کا خطرہ ہے ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

اسلام آباد(حسنات بلوچ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد حملہ کر سکتے ہیں تاہم ہمارے ادارے چوکنا ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے متعلق پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا ہے اور دنیا کو بھی پاکستان کے کردار کا ادراک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بغیر افغانستان میں مذاکرات ممکن نہ تھے جبکہ افغانستان میں اسلحہ امریکہ اور نیٹو ممالک نے متعارف کرایا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغانستان میں کالعدم اور دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں اور خدشہ ہے دہشتگرد حملہ کریں گے لیکن ہمارے ادارے چوکنا ہیں۔مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک بڑا مسئلہ ہے اور مہنگائی کی وجہ سے ہی حکومت کو تنقید کا بھی سامنا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی واپسی پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ان کی فوج سے زیادہ سیکیورٹی دی گئی اور جو پروٹوکول دیا وہ زندگی بھر یاد رکھیں گے۔