ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے اوور بلنگ کا اعتراف کرلیا

بجلی کی تقسیم کار کمپنی ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو ) نے اوور بلنگ کا اعتراف کرلیا۔ ذرائع کے مطابق، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں کے الیکٹرک اور دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی اوور بلنگ پر آن لائن عوامی سماعت ہوئی جس دوران نیپرا حکام نے بریفنگ دی۔

نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ اووربلنگ پر نیپرا کو 64 اور کے الیکٹرک کی اووربلنگ کے خلاف 13 درخواستیں ملیں۔ دوران سماعت میپکو حکام نے بتایا کہ اوور بلنگ عید کی چھٹیوں کے باعث ہوئی جبکہ اوور بلنگ ہماری ہی کمپنی میں نہیں ہوئی، سب کمپنیوں میں ہوئی۔

جس پر چیئرمین نیپرا نےاستفسار کرتے ہوئے کہا کہ اووربلنگ کا اب تاثر ہی نہیں رہا بلکہ یقین ہوگیا ہے، یہ بتائیں صارفین کا نقصان کون پورا کرے گا؟