پاکستان کرکٹ بورڈ کی پی ایس ایل فرنچائزز کو نئے فنانشل ماڈل کی پیشکش

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے پی ایس ایل فرنچائزز کو نئے فنانشل ماڈل کی پیشکش کردی ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل کا اجلاس 27 ستمبر بروز پیر کو چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرنے پر پی سی بی نے6 فرنچائزز کی معاونت کرنے کے لیے انہیں مندرجہ ذیل پیشکش کی ہیں۔

پی ایس ایل 5 اور 6 کے لیےانہیں کووڈ 19 ریلیف دینا۔ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن سے بیسویں ایڈیشن تک سینٹرل پول آف ریونیو میں ان کے شیئر میں اضافہ کرنا۔ ڈالر کا ریٹ مقرر کرنا۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے قانونی اور کنٹریکٹ کے تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے فرنچائزز کو ایک نئے فنانشل ماڈل کی پیشکش کی ، جس کا مقصد صرف فرنچائزز کے خدشات دور کرکے ان کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔

پی سی بی کو اُمید ہے کہ فرنچائزز پی ایس ایل کے برانڈ کو مستحکم کرنے کے لیے اس پیشکش کو قبول کریں گی۔