کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے زیریں سندھ کےعلاقوں تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین،ٹھٹھہ اور مٹھی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔ کراچی میں بھی آج ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، سمندری ہوائیں بند ہیں، شمال مشرق سے گرم ہوائیں چلیں گی، شمال مشرق اور مشرق میں آج بھی بادل بن سکتے ہیں، کل کے مقابلے میں آج بارش کا امکان کم ہے، بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق گجرات میں موجود ہوا کا کم دباؤ سمندر کی جانب بڑھ گیا،ہوا کے کم دباؤ کے پھیلاؤ کے باعث کراچی کی سمندری ہوائیں معطل ہیں، کل صبح سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے، آئندہ تین روزتک موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔