ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ اسکولز کا ضرورت مند طلبا کیلئے اہم اقدام

کراچی : ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ اسکولز نے نجی اسکولوں میں ضرورت مند طلبا کو فیس میں رعایت دینا لازم قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے ضرورت مند طلبا کی امداد کےلیے نجی اسکولز مالکان کو ماہانہ فیس میں رعایت کی ہدایت جاری کرکے علم دوستی کا ثبوت پیش کردیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ اسکولز نے تعلیم کو عام کرنے کےلیے انتہائی مثبت اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت اسکول میں کل تعداد کے دس فیصد طلبا کو فیس میں رعایت دینا لازمی ہوگا۔

نجی اسکولوں کو ہدایت پر عمل اور تفصیلات ڈائریکٹوریٹ میں جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔ ڈی جی اسکولز منسوب صدیقی کا کہنا ہے کہ تمام اسکولوں میں سندھی زبان لازمی پڑھائی جائے اور پوزیشن لینے والے طلبا کو فل اسکالرشپ دی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل آف پرائیورٹ اسکولز نے تنبیہ کی کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔