‘ کراچی میں اب بھی کورونا کیسز کی شرح 10 فیصد ‘

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ، ہمارے بہت سارے فیصلوں سے اچھے نتائج ملے، آج سندھ میں کوروناکیسز کی شرح 7فیصد جبکہ کراچی میں اب بھی کورونا کیسز کی شرح 10فیصد ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کراچی یونیورسٹی پہنچنے تو وی سی، کمشنرکراچی اورافسران نے ان کا استقبال کیا، مراد علی شاہ نے کراچی یونیورسٹی میں سائنسی نمائش کاافتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے نمائش کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی اب تمام مسائل کا حل نکالنےکی صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے بہت سارے فیصلوں سے اچھے نتائج ملے، آج سندھ میں کوروناکیسز کی شرح 7فیصد جبکہ کراچی میں اب بھی کوروناکیسزکی شرح 10فیصد ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم 20ہزارکوویڈ ٹیسٹ روزانہ کر رہے ہیں، کبھی 1000 ٹیسٹ کرنے کا سوچنا بھی مشکل تھا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے ٹیکنالوجی،تعلیم میں بہت ترقی کرسکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آج صحت سے منسوب نمائش منعقد کی گئی ہے ، نمائش بھی ٹیکنالوجی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے کوویڈ پر قابو پایا، صحت کی بہتری کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے، ایک بچے کو ربوٹک بازو لگایا گیا ہے۔