سندھ کے اسکولوں میں کل سے ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ

محکمہ تعلیم سندھ نے کل سے صوبے بھر کے اسکولوں میں ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سردار شا ہ کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری اسکولز اکبر لغاری اور سیکرٹری کالج خالد حیدر شاہ سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں پیر سے اسکولوں میں ویکسی نیشن مہم شروع کرنے، نجی اسکولز کی رجسٹریشن کا ازسر نو جائزہ لینے، انسپیکشن کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے، ڈیٹا بیس مکمل کرکے مکینزم بنانے اور اساتذہ کی تنخواہ بھی معلوم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک میں ویکسی نیشن سے زندگی معمول پر آئی ہے، اسکول کھلے رکھنے کے لیے ہمیں بھی نویں سے بارہویں تک طلبا کی ویکسی نیشن کرنا ہوگی، والدین سے بچوں کو ویکسین لگانے کے رضامندی سرٹیفکیٹ لیے جائیں گے۔

سردار شاہ نے کہا کہ نجی اسکولوں کو سندھ حکومت کی جانب سے مزدور کی مقررہ کردہ تنخواہ کے مطابق تنخواہ دینا ہوگی، اسی طرح تمام اسکولز کو 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینی ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق نجی تعلیمی اداروں میں سندھی لازمی ہے جس پر عملدرآمد کرنا ہوگاجبکہ نجی اسکولوں کے اساتذہ کو سندھی پڑھانے کی تربیت لینگویج اتھارٹی دے گی۔