راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، پانی اسپتال اور گھروں میں داخل

راولپنڈی میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ بارش کا پانی ٹیپو روڈ، مسلم کالونی، صادق آباد، لیاقت باغ اور کمیٹی چوک سے ملحقہ علاقوں میں جمع ہوگیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔

شہر میں ہونیوالی موسلادھار بارش کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں بھی پانی داخل ہوگیا۔ وارڈز میں پانی داخل ہونے سے مریضوں اور لواحقین کو پریشانی کا سامنا ہے۔ ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا لیول 6 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 4 فٹ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے لیے واسا کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں موجود ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی عملہ موجود ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ فوری نکاس آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، افسران فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کریں۔ تاہم اسلام آباد میں بھی مختلف علاقوں میں رات سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔