داسو واقعہ ; چین نے پاکستان کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کر دیا
بیجنگ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔: داسو واقعہ پر پاکستان کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات پر چین نے اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین نے خیبر پختونخواہ کے ضلع کوہستان کے علاقے داسو میں چینی انجینئرز اور اہلکاروں پرحملے سے متعلق پاکستان کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے مختصر وقت میں بڑی پیش رفت دکھائی ہے۔چین پاکستانی اقدامات کو سراہتاہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی منصوبوں کی حفاظت کے لیے مل کر سکیورٹی پلان بہتربنائیں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ داسو میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر حملہ بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ ہے۔حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور اس سازش میں بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغانی ایجنسی این ڈی ایس شامل تھی۔چینی ورکرز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا گیا۔ حملے میں ملوث پورے نیٹ ورک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جبکہ وزارت خارجہ نے بھی داسو دہشتگرد حملے کی تحقیقات کی تمام تفصیلات جاری کردی ہیں۔ جس میں بتایا گیا کہ داسو دہشتگرد حملہ 14 جولائی کو ہوا، 10 چینی، 3 پاکستانی شہری ہلاک ہوئے، پاکستان نے دہشتگرد حملے کی جامع تحقیقات کیں، ہر موقع پر نتائج سے چین کو آگاہ کیا۔