آزاد کشمیر: ایل اے 16 کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا وقت ختم

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 16 باغ کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

چاروں پولنگ اسٹیشنزپرڈالےگئے ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی ہے، چارپولنگ اسٹیشنوں پر رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد 23 سو 80 ہے۔ غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق 167میں سے 163 پولنگ اسٹیشنزپرپی ٹی آئی کے سردار میر اکبر 22 ہزار 506 ووٹ لیکر آگے ہیں،پیپلزپارٹی کےامیدوارسردار قمرالزمان 22ہزار 307 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے غیرسرکاری نتائج کے مطابق 163پولنگ اسٹیشن میں پی ٹی آئی امیدوار کو199ووٹوں کی برتری ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے چاروں پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا تھا جس کے باعث سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ، چاروں پولنگ اسٹیشنز پر 400 پولیس اہلکاراورکمانڈوز تعینات کیےگئے ہیں۔
خیال رہے کہ 25 جولائی کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران ان پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی کے سبب پولنگ روک دی گئی تھی جس کی وجہ سے اس حلقے کے نتائج کا اعلان نہیں ہوا تھا۔

واضح رہےکہ آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 25 نشستیں حاصل کرکے سادہ اکثریت حاصل کی ہے جب کہ پیپلزپارٹی 11 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور (ن) لیگ 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔