اسلامی فلاحی ریاست کی جانب بڑا قدم : وزیراعظم نے احساس ون ونڈو سینٹر کا افتتاح کردیا

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ون ونڈو احساس سینٹر کا افتتاح کردیا، سینٹر سے ایک ہی چھت تلے احساس کی تمام سہولیات و خدمات تک رسائی ممکن ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پہلے ون ونڈواحساس سینٹرکا افتتاح کردیا ہے ، اس موقع پر عمران خان نےاحساس سینٹرمیں پودا بھی لگایا جبکہ معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ون ونڈو سینٹر اور احساس ون ونڈو اقدام پر بریفنگ دی۔ مراکز کا دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا اور ملک کے ہر ضلع میں احساس ون ونڈو سینٹرز کھولے جائیں گے ، اس سینٹر میں ایک ہی چھت تلے احساس کی تمام سہولیات و خدمات تک رسائی ممکن ہوگی۔

احساس کےون ونڈو اقدام کے چھ اجزا ہیں، احساس ون ونڈو پہلا جزو ہے جبکہ دیگر حصوں میں ڈیجیٹل انفارمیشن و سروسز پلیٹ فارم، موبائل ایپ ، بیک آفس کا مجموعی ڈیجیٹل انٹرفیس، مربوط ڈیٹا بیس اوریکساں ومربوط بینیفیشری ٹارگٹنگ پالیسی شامل ہیں۔ اس حوالے سے سینیٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ ون ونڈو احساس سینٹر میں ایک ہی جگہ پر تمام احساس سہولیات میسر ہوں گی، یہ اسلامی فلاحی ریاست کی جانب سفر میں ایک بہت بڑا اقدام ہے۔