’ پرتکلف ضیافتیں بے جان اپوزیشن کو اقتدار میں نہیں لاسکتیں‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اتنی بکھری ہوئی اپوزیشن کو شہباز شریف اکٹھا نہیں کر سکتے ۔ شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کےلیے عشائیے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے منفی رویے سے مایوسی ہوئی، پرتکلف ضیافت پر عوام کا کوئی مسئلہ زیر بحث نہ آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اتنی بکھری ہوئی اپوزیشن کو شہباز شریف اکٹھا نہیں کر سکتے، نہ ہی پرتکلف ضیافتیں بے جان اپوزیشن کو اقتدار میں لاسکتی ہیں، اپوزیشن کو چاہیے کہ ایشوز پر سیاست کرے، عوامی ایشوز پر سیاست ہی قوم کی خدمت ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات پر آگے بڑھنے کی تجویز اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے اپوزیشن کی طرف سے ابھی تک کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔