وفاقی حکومت ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم میں ناکام ہوگئی، بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم میں ناکامی پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم میں ناکام ہوگئی، سندھ کے حصے کا پانی روک کر حکومت نے سفاکیت کی انتہا کردی۔

انہوں نے بتایاکہ کراچی سمیت ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکرکوپانی کی کمی کا سامنا ہے جبکہ بوائی کے موقع پرسندھ کا پانی بند کرنا چاولوں کی کاشت اورٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے بھی تباہ کن ہوگا۔بلاول نے مطالبہ کیا کہ ارسا حکام واضح کریں کس کے حکم پر سندھ کے پانی کا حصہ کم کیا۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ عمران خان پانی روک کر سندھ کی زمینوں کو بنجر کرنے کی کوششوں کا سلسلہ بند کریں، دیگر صوبے سندھ کی پیروی کریں کہ جہاں کی حکومت نے موجودہ قلت کے باوجود گڈو بیراج سے بلوچستان کو پانی کی ترسیل میں کوئی کمی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت پورے پاکستان کو طے شدہ فارمولے کے تحت پانی ملنا ان کا حق ہے جبکہ ملک کے کسی بھی صوبے کی اگر پانی کے معاملے میں حق تلفی کی گئی تو وہ آواز اٹھاتے رہیں گے۔