شہباز شریف نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی: فردوس عاشق اعوان

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا پوری قوم جانتی ہے کہ ایف آئی اےکا دفتر عید اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند ہے، ن لیگ والے بند دفتر میں چٹھیاں پھیکتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف ائی آے نے قانون کی پاسداری کی لیکن ن لیگ کا دہرا معیار سب کے سامنے آگیا ہے، ن لیگ نے شہباز شریف کی بے گناہی سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کیا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پر جو الزامات ہیں اس ضمانت کا ان الزامات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، یہ کرپشن کے حمام میں بمعہ اہل و عیال غوطے کھاتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید اور لاک ڈاؤن کے بعد حکومت عدالت سے رجوع کرنے کی جامع پالیسی دے گی، حکومت کے پاس ہزاروں بیمار قیدیوں کی پٹیشن آئی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ درخواست جمع کروانے کے فورم پر درخواست جمع کروانا ان کو ناگوار گزرتا ہے، ان کے کاروبار باہر، جائیدادیں، اولادیں، عزیز و اقارب باہر ہیں، یہ عید بھی ملک سے باہر منانا چاہتے ہیں، جو قیادت عید بھی اس ملک میں منانا توہین سمجھے وہ کیسے قوم سے مخلص ہو سکتی ہے، ان سے کہتی ہوں ایک عید کا مزا یہاں بھی چکھ لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن حکومت عوام کو جوابدہ ہے۔ کورونا وبا میں عید منانے سے متعلق سوال پر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وبا کے دوران بوسہ دینے اور گلے ملنے کے بجائے دل کو دل سے ملائیں۔