پنجاب: ناجائز منافع خوری پر کروڑوں کے جرمانے اور سیکڑوں گرفتاریاں

پنجاب میں ناجائز منافع خوری پر گراں فروشوں پر 3 کروڑ سے زائد کے جرمانے کیے گئے اور سیکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

وزیر صنعت پنجاب اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اجلاس میں اشیاء کے نرخوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چینی کی سپلائی اورفروخت کا طریقہ کار بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نےانتظامیہ کو حکم دیا کہ اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرکے عوام کو لوٹنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پچھلے 10 دنوں میں 719 ناجائز منافع خور گرفتارکرکے ایک ہزار 406 مقدمات درج کیے گئے جب کہ گراں فروشوں کو 3 کروڑ 45لاکھ روپے کے جرمانے بھی کیے گئے ۔