خیرپور کے قریب ٹریفک حادثہ، 12 افراد جاں بحق، 8 زخمی

سندھ کے ضلع خیرپور میں پرانی قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جب کہ 8 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ خیرپور سے 10 کلومیٹر دور حسین آباد کے مقام پر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے قریب پیش آیا۔

خوفناک حادثے میں دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور مسافر دونوں گاڑیوں میں بری طرح پھنس گئے۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور جاں بحق افراد کو گاڑیاں کاٹ کر نکالا بعد ازاں پرائیویٹ گاڑیوں اور ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے کی مدد سے انہیں خیرپور منتقل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون 2 کمسن بچے بھی شامل ہیں۔