ساری خرابی آپ کی پیدا کردہ، اسے ٹھیک کریں یا گھر جائیں: بلاول کی وزیراعظم پر تنقید

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں ہونے والے پرتشدد مظاہروں پر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ساری خرابی آپ ہی کی پیدا کردہ ہے، اسے ٹھیک کریں ورنہ گھر جائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کو پارلیمان میں نہیں لایا گیا، حکومت نے سڑکوں پر ایکشن لیا، پھر ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دے دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پرتشدد مظاہروں میں 500 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، انٹرنیٹ بند کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا، اب تحریک انصاف پارلیمان کے پیچھے چھپنا چاہتی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب، یہ ساری خرابی آپ کی ہی پیدا کردہ، اسے ٹھیک کریں یا گھر جائیں۔