عالمی دعوت لاثانی کے زیر اہتمام محفل میلاد مصطفٰی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا انعقاد

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) گزشتہ روز پیر سید مدثر حسین شاہ صاحب تنویرِ لاثانی دامت برکاتہم القدس نے راولپنڈی اسلام آباد کا روحانی تبلیغی دورہ فرمایا- خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ علی پور سیداں شریف الحاج صوفی عبدالرزاق جماعتی صاحب کی رہائش گاہ پر آپ کے والدین مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے محفل میلاد مصطفٰی صلی اللہ علیہ والہ وسلم قبلہ پیر سید مدثر حسین شاہ صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوئی. اس موقع پر صوفی عبدالرزاق جماعتی صاحب کے پوتے حماد شہزاد جماعتی کی حفظِ قرآن کی تکمیل پر دستار بندی پیر صاحب نے اپنے دست مبارک سے فرمائی. حاضرین مجلس سے خطاب کرتے ہوئے پیر صاحب نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو اپنی زندگی قرآن و صاحب قرآن کے بتائے ہوئے رستے پر عمل کر کے بسر کرنی چاہئے، قرآن ہدایت کا سرچشمہ ہے صرف ان لوگوں کے لیے جو متقی اور پرہیزگار ہیں. اس موقع پر پیر صاحب نے امت مسلمہ کی سلامتی، وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی اور وبائی مرض کورونا کے خاتمے کے لئے خصوصی طور پر دعا بھی کی – محفل کا اہتمام کرنے کی سعادت چوہدری شہزاد رزاق جماعتی صاحب و آپ کے صاحبزادگان کو نصیب ہوئی –