کراچی: وینٹی لیٹر پر موجود مریضوں کو دیے جانیوالے انجیکشن کی مانگ میں اضافہ

کراچی میڈیسن ہول سیل مارکیٹ حکام کا کہنا ہےکہ وینٹی لیٹر پر موجود مریضوں کو ٹوسی لیزومیب (Tocilizumab) جنیرک نام سے استعمال کرائے جانے والے انجیکشن کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ بعض ڈاکٹر یہ انجیکشن وینٹی لیٹر پر موجود کورونا مریضوں کو بھی استعمال کراتے ہیں۔

مارکیٹ حکام کے مطابق گزشتہ 20 روز میں اس نام کے 200 ایم جی اور 400 ایم جی والے انجیکشن کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے، دوا ساز کمپنی متعلقہ انجیکشن کو صرف اسپتالوں کو دینے کی پابند ہے تاہم اس کی قیمت میں 200 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے اس انجیکشن کے ایک 200 ایم جی وائل کی قیمت 39ہزار 689 روپے اور 400 ایم جی وائل کی قیمت 79 ہزار 378 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق وہاں 200 ایم جی کا وائل ڈیڑھ لاکھ تک اور 400 ایم جی کا وائل چار لاکھ روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔