کورونا: پاکستان کیلئے 2021 کا سب سے خطرناک دن، 114 اموات ریکارڈ

پاکستان میں کورونا کے وار جاری ہیں ملک میں مسلسل چھٹے روز 100 سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46066 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5050 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 114 ہلاکتیں ہوئیں جو رواں برس ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.96 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15443 ہو گئی اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 21 ہزار 18 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 73875 ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4139 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 631700 ہو گئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 268750 ہوگئی ہے جب کہ 4529 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 248438 ہے اور 6972 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 20241 اور ہلاکتیں 215 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 98301 اور 2618 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 14461 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 399 افراد انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5127 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 65700 ہے اور اب تک 607 مریض انتقال کر چکے ہیں۔