دلخراش واقعہ: ماں کے ہاتھوں دو کمسن بچوں کا قتل

لاہور: لاہور میں دہل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں سنگ دل ماں نے اپنے دو کمسن بچوں کو قتل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گلشن حیات پارک کے قریب ماں نے اپنے دو بیٹوں کو قتل کردیا، ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں آٹھ سالہ طلحہ اور بارہ سال بلال شامل ہیں، ملزمہ نے دونوں بچوں کو گلے میں رسی ڈال کر ان کی زندگی کا خاتمہ کیا۔

دلخراش واقعے کے بعد ملزمہ نے خود کو بھی بلیڈ کے وار کرتے ہوئے زخمی کیا، خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پولیس نے اسے اسپتال سے تحویل میں لے لیا جبکہ پولیس نے بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا ہے۔

ماں کے ہاتھوں قتل کئے جانے والے بچوں کے تایا نے پولیس کو بتایا کہ ملزمہ نے اپنی ایک بیٹی کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی، جسے میں نے بروقت اس کی ماں کے چنگل سے بچایا۔ فوری طور پر واقعے کے اصل محرکات منظر عام پر نہیں آسکے ہیں، پولیس نے خاتون سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔