کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کو 4 روز کےلیے بند جبکہ 6 ہوٹل، 7ریستوران اور 11 دکانیں سیل کر کے 13 افراد کو گرفتار کر لیا۔

لاہور میں بھی بازار شام6 بجے بند کرائے جانے لگے، حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انارکلی بازار میں کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں ملتان: 10 سالہ ملازمہ پر تشدد میں ملوث مالکن اور اس کے شوہر کیخلاف مقدمہ درج

دوسری جانب کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گوجرانوالا میں نجی بینک سیل کر دیا گیا، جبکہ فیصل آباد میں ریستوران، فوڈ پوائنٹس اور بیکرز سمیت 11 فوڈ پوائنٹس کو ایک لاکھ 20 ہزار روپےجرمانہ عائد کیا گیا۔ فیصل آباد میں کارروائی کے دوران پولیس نے 6 ہوٹلوں اور 11 دکانوں کو بھی سیل کر دیا جبکہ اوکاڑہ میں شادی ہال پر چھاپے کے دوران مالک اور مینیجر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں آج سے شادی کی تقریبات پر پابندی ہو گی جبکہ کوئٹہ میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔