کرونا کیسز میں‌اضافہ، کراچی کے مزید علاقوں‌ میں‌ پابندیاں‌ سخت

کراچی: شہر قائد میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایک اور ضلع کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع غربی نے کرونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر اورنگی ٹاؤن اور مومن آباد کے مختلف سیکٹرز اور یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق 29 مارچ سے 9 اپریل تک مومن آباد اور اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ رہے گا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مومن آباد، اسلام نگر، اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 11، داتا موڑ میں کرونا کے کیسز رپورٹ ہوئے، دونوں سب ڈویژنز میں کرونا کے چار مریض موجود ہیں۔

نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آنے، جانے والے افرادکو ماسک پہننا لازمی ہوگا جبکہ غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔

مذکورہ علاقوں میں تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں بند رہیں گی جبکہ فیملی اجتماع پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ ان علاقوں میں کرونا سے متاثر ہونے والے افراد کو گھروں میں ہی قرنطینہ کرنا ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حکومت متاثرہ علاقوں میں مستحقین میں راشن تقسیم کےاقدامات کرے گی۔