26 مارچ کو مریم نواز سے اظہار یکجہتی کے لیے جائیں گے: غفور حیدری

لاہور: جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ 26 مارچ کو مریم نواز سے اظہار یکجہتی کے لیے جانا ہے اور اس مقصد کے لیےکارکنوں کو متحرک کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قیادت کی پگڑیاں اچھالنا اور اسے مقدمات میں الجھانا نیب کا مشغلہ ہے، حکومت میں چینی اور آٹا چور موجود ہیں، فارن فنڈنگ کیس کا سالوں سے فیصلہ نہیں ہورہا لیکن نیب کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب نیب اور اس کے قوانین بنائے جارہے تھے تب بھی نیب کی مخالفت کی تھی، حکومت کا کوئی وژن اور کارکردگی نہیں۔ جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایسےضمیر فروشوں کی نشاندہی کریں گے جنہوں نے پیسوں یا کسی اور وجہ سے ہمیں ووٹ نہیں دیا۔