کنزیومر کورٹ: صارف کو پھٹے ہوئے کپڑے دینے پر دکان پر جرمانہ عائد

کراچی: کنزیومر پروٹیکشن کورٹ ایسٹ نے صارف کو پھٹے ہوئے کپڑے دینے کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔ خاتون درخواستگزار نے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ انہیں نئے کپڑوں کی بجائے پھٹے پرانے کپڑے دیے گئے، ثقافت کے دن کی مناسبت سے کپڑے خریدے تھے مگر نئے کپڑے نہ ملنے کی وجہ سے تقریب میں شریک نہ ہوسکی۔

عدالت نے آن لائن کپڑے فروخت کرنے والی دکان پر مجموعی طور پر 30 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا اور صارف کو نیا جوڑا دینے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، لوگ عدالتوں میں انصاف کے لیے آتے ہیں اور آن لائن فراڈ کرنے والوں کو کسی صورت میں رعایت نہیں ملے گی۔