مریم نواز کی ضمانت قبل از گرفتاری پر حمزہ حیران ، لیگی رہنما ناراض

لاہور : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت قبل از گرفتاری پر لیگی رہنماؤں نے شکوہ کیا ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کراکر ہمیں سیاسی نقصان ہواہے، کارکنوں کی انرجی غیر ضروری احتجاج میں ضائع نہ کی جائے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت قبل از گرفتاری پر حمزہ شہباز حیران و پریشان ہیں ، ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ ضمانت قبل ازگرفتاری پرحمزہ شہباز سےمشاورت نہیں کی گئی تھی، حمزہ شہباز 26 مارچ کی تیاریوں میں مصروف تھے پھر ضمانت کا پتہ چلا۔

ن لیگ نے کہا ہے کہ ضمانت قبل ازگرفتاری سے کارکنوں میں تاثر گیا کہ مریم گرفتاری سے ڈر گئیں، رینجرز تعیناتی، نیب کو ریڈزون قراردینے کے بعد مریم نے ضمانت کا فیصلہ کیا۔

لیگی رہنماؤں نے شکوہ کیا ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کراکر ہمیں سیاسی نقصان ہواہے، کارکنوں کی انرجی غیر ضروری احتجاج میں ضائع نہ کی جائے۔

گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عبوری ضمانت منظور کی تھی اور آئندہ سماعت پر نیب سے جواب طلب کرلیا تھا۔

خیال رہے نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو 1500 کنال کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کیس اور چوہدری شوگر ملز کیس میں طلب کر رکھا ہے۔