’زرداری نے کہا تھا وہ ایک کمزور آدمی ہیں اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑ نہیں سکتے‘

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہےکہ آصف زرداری نے پی ڈی ایم اجلاس میں کہا تھا کہ وہ ایک کمزور آدمی ہیں اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑ نہیں سکتے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے گزشتہ سربراہی اجلاس میں آصف زرداری کی تقریر کے دوران لوگوں نے آکر بتایا کہ باہر تماشا چل رہا ہے جس کے بعد آصف زرداری نے اپنا پینترا بدلا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بیان دینے لگے کہ وہ ایک کمزور آدمی ہیں اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑ نہیں سکتے، انہوں نے کہا کہ میرا ایک ہی بیٹا اور کوئی نہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب نے یہ باتیں کیں، اس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کیونکہ ان کی آواز میں ریکارڈنگ موجود ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے رانا ثنا اللہ کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے آصف زرداری کے بیانات کی تصدیق کی۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی باتوں کا تناظر مختلف تھا۔