کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس: فریال تالپور کی معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست

کراچی : پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس میں معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کردی۔ کتوں کاٹنے کے کیس میں معطلی کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے سندھ ہائیکورٹ میں فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کردی۔

درخواست میں کہا گیا کہ سکھر بینچ کا فیصلہ معطل کیا جائے،عوام کا تحفظ ہم سب پر لازم ہے، ایم پی اے شہری حکومتوں کے معاملات مداخلت نہیں کرسکتی۔فریال تالپور نے کہا سکھربینچ نے حقائق،قانون کے برعکس ایم پی ایز کو معطل کیا، استدعا ہے کہ سکھر بینچ کے حکم نامے پر نظر ثانی کی جائے۔

یاد رہے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں صوبے میں کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس اہم فیصلہ دیتے ہوئے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر رابطہ نہ کرنے پر دو ارکان سندھ اسمبلی کو معطل کردیا تھا۔عدالت کی جانب سے معطل کیے جانے والوں میں فریال تالپور اور گیان چند اسرانی شامل تھے۔

بعد ازاں سندھ حکومت نے کتوں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اینٹی ریبیزویکسین سے کتوں سے جراثیم ختم ہوجائیں گے، کتوں کو ٹیکا لگنے سے کاٹنے کی صورت میں انسان کو بیماری نہیں لگے گی۔

حکام کا کہنا تھا کہ کتے مارنے سے مزید بیماریاں پھیلنے کے خطرات پیدا ہورہے ہیں، شہری اپنے علاقوں میں کتوں کی موجودگی کی اطلاع دیں، بین الاقوامی اصولوں کے تحت کتوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔