ملک کے مختلف شہرو ں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش، پہاڑوں پر برفباری

ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ خانیوال، سرگودھا، بہاولپور، بھکر، عارف والا، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور میاں چنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث گرمی کی شدت کم ہو گئی۔

اس کے علاوہ کوئٹہ، مستونگ اور ہرنائی میں بھی بادل جم کر برسے جبکہ نوتک نشیب، سرائے مہاجر، جہان خان اور ملحقہ علاقوں میں اولے پڑے۔ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بابوسرٹاپ، نانگا پربت، فیری میڈوز، بٹوگاہ ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری ہوئی جبکہ سیاحتی مقام نانگا پربت سمیت اکثر بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکوں کو برفانی تودوں اور برف کو ہٹا کر بحال کر دیا گیا۔