‘حکومت 31 مارچ تک صنعتوں کے گیس کنکشن منقطع نہیں کرے گی’

اسلام آباد: ڈائریکٹر پیٹرولیم ڈویژن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا ہے کہ حکومت31 مارچ تک صنعتوں کے گیس کنکشن منقطع نہیں کرے گی اور یہ صنعتیں 31 مارچ تک گیس لوڈ سے متعلق درخواستیں جمع کراسکتی ہیں۔صنعتوں کو اضافی گیس فراہمی بند کرنے کےحکومتی فیصلے کےخلاف درخواست پرسماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔

سماعت کے دوران صنعتوں کے وکیل سلیمان اکرم راجا نے وڈیو لنک کے ذریعے دلائل دیے ۔عدالت نے 61 صنعتوں کے وکیل کو آئندہ سماعت پرتحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے28 جنوری کو صنعتوں کو اضافی گیس فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا جسے صنعتوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔عدالت نے گزشتہ روز صنعتوں کے حق میں دیا جانے والا حکم امتناع بھی ختم کردیا تھا۔