پاکستان: کورونا سے 29 اموات، 2200 سے زائد نئے کیسز رپورٹ

ملک میں کورونا سے مزید 29 افراد جاں بحق ہوگئے اور 2200 سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 44061 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2253 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 29 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.1 رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13537 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 7453 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 22038 ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1307 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 571878 ہوگئی ہے۔

صوبوں کی صورتحال سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 261411 ہوگئی ہے جب کہ 4458 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 186659 ہے اور 5769 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19220 اور ہلاکتیں 202 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 76104 اور 2159 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 11017 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 320 افراد انتقال کرگئے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4961 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 48081 ہے اور اب تک 526 مریض انتقال کرچکے ہیں۔