پی ڈی ایم نے جان بوجھ کر عبدالغفور حیدری کو ہروایا، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہےکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بدنیتوں کا اکٹھ ہے ، انہوں نے جان بوجھ کر عبدالغفور حیدری کو ہروایا ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ثابت ہوگيا کہ یہ پھر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوں گے، پی ڈی ایم سےاچھےکی امید کم ہی ہوتی ہے،سیاسی یتیموں نے لانگ مارچ سمیت دیگردھمکیاں دیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ایسا اکٹھ ہے جس کا کوئی جوڑ نہیں، استعفوں اور لانگ مارچ پر ان میں اختلافات سامنے آئے، ن لیگ نے پیپلزپارٹی کی پیٹھ میں اورپیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، وزیراعظم پر اعتماد کے ووٹ سے اپوزیشن کو مایوسی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے وزیراعظم کی پالیسی کامیاب رہی، کورونا وبا کو ایک سال ہونے کو ہے، اب ہماری معیشت دوبارہ چل پڑی ہے،کورونا ویکسی نیشن کی مہم منظم طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر چل رہی ہے۔