ایم کیو ایم پاکستان نے اپنا یومِ تاسیس ملتوی کردیا

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور تنظیم بحالی کمیٹی نے اپنے یوم تاسیس ملتوی کردیے۔ کنوینر ایم کیوایم پاکستان کے اعلامیے کے مطابق ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ایم کیوایم پاکستان کا 37 واں یوم تاسیس 18مارچ کے بجائے 25 مارچ بروز جمعرات منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چند ناگزیر وجوہات کے سبب یوم تاسیس کی تقریب اب 25مارچ کو نشترپارک میں ہوگی۔
دوسری جانب سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی سینئر تحریکی ساتھیوں سے مشورے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے 37 ویں یوم تاسیس کو 18 مارچ کے بجائے 28 مارچ کو منانے کا اعلان کیا۔

ترجمان فاروق ستار کا کہنا ہے کہ یوم تاسیس کی تقریب چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر 18 مارچ کے بجائے اب 28 مارچ کو کے ایم سی گراؤنڈ پی آئی بی کالونی میں کی جائے گی۔