ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے پر شک کررہی ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزراء نے چیئرمین سینیٹ کیلئے مسترد شدہ ووٹوں کے حوالے سے عدالت جانے کے اعلان پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عدالتوں سے اب کچھ نہیں ملنا، سنجرانی اب چیئرمین سینیٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے تبدیلی ضروری ہے جبکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے پر شک کررہی ہیں۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ الیکشن حکومت جیت چکی، شور مچانے سے کچھ نہیں ہوگا، اسمبلی توڑنے کا اپنا ایک قانون ہے لیکن ابھی کوئی ایسا خطرہ نہیں۔

خیال رہے کہ حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو 48 اور یوسف رضا گیلانی کو 42 ووٹ ملے جس کے بعد صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔ 7 ووٹرز نے یوسف رضا گیلانی کے نام کے اوپر مہر لگائی جس کی وجہ سے یہ ووٹ مسترد ہوئے۔ ایک ووٹ اس لیے مسترد ہوا کیوں کہ دونوں امیدواروں کے آگے مہر لگائی گئی تھی۔ اپوزیشن نے 7 ووٹ مسترد کرنے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔