پارلیمان کی کارروائی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتی، پریذائیڈنگ افسر مظفر حسین شاہ

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) میں چیئرمین کے انتخاب میں پریذائیڈنگ افسر سینیٹر مظفر حسین شاہ نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا۔ سینیٹر مظفر حسین شاہ کا کہنا تھاکہ پارلیمان کی کارروائی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتی، پی ڈی ایم کے 7 ارکان نے جان بوجھ کر ووٹ ضائع کیے ہیں کیونکہ سات کے سات بیلٹ پیپر پر ایک ہی طرز پر اسٹمپ لگے ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھاکہ عبدالحفیظ شیخ اور سندھ میں صدرالدین شاہ راشدی کے ووٹ اسی بنیاد پر مسترد کیے گئے تھے، سات ووٹ کی چوری اپوزیشن کے اپنے گھر سے ہوئی ہے، اب اپوزیشن خود تحقیقات کرے کہ وہ چوری کن ارکان نے کی ہے۔ مظفرحسین شاہ نے کہا کہ میرے اوپر تنقید بلاوجہ ہے، ماضی میں صدر نے اسحاق ڈاراور سردار یعقوب ناصرکو بھی پریذائیڈنگ افسر مقرر کیا تھا جبکہ اپوزیشن کو تفصیلی سن کر اپنا فیصلہ دیا۔