یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں میگا کرپشن کیس کے 2 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں کرپشن کے 33 کیسوں میں مفرور 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ کی ٹیم نے ایک انتہائی مطلوب مفرور ملزم یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے اکاؤنٹ افسر اسجد الرحمن کو گرفتار کرلیا جو یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کوئٹہ ریجن کے 33 میگا کرپشن کیسوں میں ایف آئی اےکو مطلوب تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے2010 سے 2015 کے دوران یوٹیلیٹی اسٹور انچارجز ، ایریا مینیجرز ، اکاؤنٹ آفیسرز اور ریجنل مینیجرز سے356.187 ملین روپے کا غبن کیا تھا۔

اس کے علاوہ ایف آئی اے کوئٹہ کی ایک کارروائی میں ملزم راشد احمد کو گرفتار کیا گیا، ملزم نے یوٹیلیٹی اسٹور میں 11 لاکھ روپے کی خورد برد کی تھی۔